ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ونڈا کراؤ، سکھ پاؤ” پروگرام کا باضابطہ افتتاح ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے حاجی غازی شرقی دراہمہ میں کر دیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے زمینوں کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانا ہے تاکہ وراثتی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زمین کے تنازعات کو ختم کیا جا سکے۔
تقریب کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان فاروق تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، تحصیلدار ثاقب شہزاد اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب میں سوشو سیف گارڈ اسپیشلسٹ پلس ملک وسیم اعوان نے شرکاء کو "ونڈا کراؤ، سکھ پاؤ” پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ منصوبہ ایک انقلابی قدم ہے جو زمین کی غیر منصفانہ تقسیم اور تنازعات کو ختم کرنے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔ اراضی کی ڈیجیٹائزیشن اور ای مینجمنٹ کے ذریعے تمام اضلاع میں زمینوں کا ریکارڈ شفاف بنایا جائے گا جس سے خواتین کے وراثتی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان فاروق تارڑ نے کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے مشترکہ جائیدادوں میں باہمی رضامندی کو فروغ ملے گا اور کاغذات میں ٹمپرنگ کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ سوشو سیف گارڈ اسپیشلسٹ ملک وسیم اعوان نے کہا کہ پنجاب کے 40 اضلاع میں بیک وقت اراضی ریکارڈ کو محفوظ بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ جنس، طبقہ، اور مذہب سے بالاتر ہو کر ہر شہری کے ملکیتی اور وراثتی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے مزید کہا کہ وراثت کی شفاف تقسیم ہماری خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے اور یہ پروگرام یقینی بنائے گا کہ ہر حقدار کو اس کا حق ملے۔ تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے موقع پر سائلین کا ڈیٹا درج کرکے پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا۔
یہ منصوبہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے بھر کا پیمائشی اور جغرافیائی نقشہ ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ زمین کے معاملات میں شفافیت اور منظم ڈیٹا تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔