ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی) بلوچ لیوی میں میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ شاہنواز نامی ایک اہلکار جس نے کچھ عرصہ قبل دو روز کے اندر دو ترقیاں حاصل کیں، اب نائب صوبیدار کے عہدے پر ترقی کے لیے سرگرم ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اعلیٰ افسران کی خوشامد اور سفارشوں کے ذریعے اپنی من مانی کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بلوچ لیوی کے نئے قواعد کے مطابق نائب صوبیدار کے عہدے کے لیے گریجویشن کی شرط لازمی ہے۔ تاہم شاہنواز جو کہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کے گن مین کے طور پر تعینات ہے نے مبینہ طور پر کمانڈنٹ کے اختیارات میں مداخلت کرتے ہوئے کوارٹر ماسٹر کا اضافی چارج بھی حاصل کر لیا ہے۔ اس کی عدم موجودگی کی وجہ سے دیگر ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں 
ڈیرہ غازیخان : بلوچ لیوی میں کیڈر تبدیل ایک ہی ملازم کی 2 روز میں2 ترقیاں
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شاہنواز پر کوارٹر ماسٹر کے طور پر ملازمین کی وردیوں، لائٹنگ اور دیگر سامان کی خریداری میں کرپشن کے الزامات بھی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے اپنی مرضی کے بل بنا کر سرکاری خزانے سے رقوم نکلوائیں۔

اس سے قبل شاہنواز نے مبینہ طور پر سابق کمانڈنٹ کے جعلی دستخطوں سے کیڈر تبدیل کروا کر دو روز میں 2 ترقیاں حاصل کیں۔ اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے والے ملازمین کو دور دراز پہاڑی علاقوں میں تبادلہ کر دیا گیا۔

تاہم بلوچ لیوی میں 27 سال بعد نئی بھرتیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے کمانڈنٹ محمد اسد خان چانڈیہ کو اس میرٹ پر مبنی بھرتی کے لیے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کمانڈنٹ کسی اہلکار کی ذاتی خواہش پر میرٹ کے خلاف کوئی ترقی نہیں کریں گے، جس سے نئے بھرتی ہونے والے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ نہ ہو سکے۔









