ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر)بلڈنگ مٹیریل کی قیمت بڑھنے سے تعمیراتی کام رک گئے،دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہوچکا ہے ،سیمنٹ،بجری،ریت،اینٹ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے غریب آدمی کے لئے چھت بنانا مزید مشکل ہو گیا جبکہ بلڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے سینکڑوں مزدور بھی بیروزگار ہو گئے۔
حکومت کی جانب سے بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں کنٹرول نہ ہونے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں،تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عام آدمی کا گھر بنانے کا خواب ،خواب ہو کر رہ گیا ہے۔
مہنگائی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے سیاسی و سماجی ورکر فاورق بلوچ،رانا انتظار،محبوب کھوسہ،اسد کھوسہ،مومن لغاری،سمیع اللہ لغاری،اعظم خان،اور رفیق خان نے کہا کہ مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی بوری 1700روپے،سریا 270روپے فی کلو،اینٹ فی ہزار 17000روپے،بجری 130فی فٹ ریت کا ٹرالا 25 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔
میٹریل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر لوگوں نے اپنے تعمیراتی کام رکوا دئیے ہیں جس سے مزدور طبقہ بے روزگار ہو گیا ہے۔حکومت وقت کو چاہیے کہ مصنوعی مہنگائی ختم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ مزدوروں کی چولہے بھی جلتے رہیں اوروہ فاقہ کشی سے بچ سکیں.