ڈی جی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)وزیراعلی محسن نقوی کی آمد،کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سمیت6ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح،ای رجسٹریشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا، ڈی جی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ،ایمرجنسی اور دیگروارڈز کا معائنہ،علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ، مریضوں سے ملاقات، مزاج پرسی کی،وزیراعلی محسن نقوی نے شکریہ گیلانیہ چوک این 55 تا سمینہ سادات روڈ،علی پور جتوئی 13.30 کلومیٹر روڈ،کوٹلہ نصیر چوک تا حافظ آباد کوٹ مٹھن روڈ کا افتتاح کیا، اپ گریڈڈ تھانہ صدر اور ڈی پی او آفس میں قائم پولیس تحفظ مرکز و میثاق سنٹر کا افتتاح،وزیر اعلی محسن نقوی نے ماڈل ای رجسٹریشن سنٹر کا سنگ بنیادرکھا،وزیراعلی محسن نقوی نے تھانہ صدر کا دورہ، جرائم پیشہ عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات،شاباش دی ،تحفظ مرکز و میثاق سنٹرکے افتتاح کے بعد وزیراعلی محسن نقوی کی تحفظ مرکز میں تعینات ٹرانس جنیڈر عملے سے ملاقات، شہریوں کے کیسز کے بارے پوچھا ،الیکشن کے حوالے سے جہاں انفرادی واقعات ہورہے ہیں وہاں ایکشن لیا جارہا ہے، ہیلتھ ڈیلی ویجرز کو تنخواہوں کی ادائیگی بلاتعطل ہو گی،میڈیا سے گفتگو
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے اور6ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیااور ای رجسٹریشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈی جی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی،اپ گریڈڈ تھانہ صدر،پولیس تحفظ مرکز ومیثاق سنٹر اور شہر کی3رابطہ سڑکوں کا افتتاح کیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے اپنی آمد کے فورا بعد ڈی جی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔وزیر اعلی نے انسٹیٹیوٹ کا دورہ کرکے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مریضوں سے ملاقات کرکے مزاج پرسی کی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا۔ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تمام شعبے اور وارڈز فنکشنل ہو چکے ہیں اورانجیو گرافی،ایمرجنسی،او پی ڈی،ای سی لیب ٹیسٹ سمیت دیگر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں گزشتہ دنوں اوپن ہارٹ سرجری کے دو کامیاب آپریشن کیے گئے۔ کارڈیالوجی ہسپتال 133 بیڈز پر مشتمل ہے۔ ہسپتال میں انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کا عمل بھی جاری ہے۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے پراجیکٹ کا کام سست روی کا شکار تھا۔ وزیر اعلی کی خصوصی دلچسپی اور سو فیصد فنڈز کے اجراء سے منصوبہ مکمل ہوا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈی جی خان میں 3 بڑی سٹرکوں کا افتتاح کیا۔وزیر اعلی نے شکریہ گیلانیہ چوک این 55 تا سمینہ سادات روڈ کی بہتری کے منصوبے کا افتتاح کیا،8.80 کلومیٹر سڑک کی بحالی و بہتری کے منصوبہ پر 3 کروڑ 98 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے علی پور جتوئی 13.30 کلومیٹر روڈ کی بحالی کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔علی پور جتوئی روڈ کی بہتری پر 36 کروڑ 63 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
وزیر اعلی نے کوٹلہ نصیر چوک تا حافظ آباد کوٹ مٹھن روڈ کا افتتاح کیا۔6.96 کلومیٹر کارپٹ روڈ کی بحالی و بہتری پر 13 کروڑ 64 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ماڈل ای رجسٹریشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا ڈی جی خان میں اپ گریڈڈ تھانہ صدر اور ڈی پی او آفس میں قائم پولیس تحفظ مرکز و میثاق سنٹر کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی کا تھانہ صدر کا دورہ کیا اورفراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے لادی گینگ اور جرائم پیشہ عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور شاباش دی۔
وزیر اعلی پنجاب نے تحفظ مرکز و میثاق سنٹر کے مختلف شعبے دیکھے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے تحفظ مرکز میں تعینات ٹرانس جنیڈر عملے ملاقات کی اور شہریوں کے کیسز کے بارے پوچھا۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحفظ مرکز میں شہریوں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت مفت سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلی محسن نقوی کی ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی مکمل ہو گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے ڈاکٹرز اور انتظامیہ کا امتحان ہے کہ ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے معیار کو برقرار رکھیں۔ ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں غریب لوگوں کا بہترین علاج ہو گا۔
وزیراعلی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی مین روڈٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور سالوں سے اس کا کام سست روی کا شکار تھا۔سڑکیں مکمل ہونے سے ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں سفر کرنا آسان ہو گا۔ڈیرہ غازی خان کے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے محکمہ تعمیرات ومواصلات نے بہت محنت کی ہے۔مجھے بتایا گیا کہ ڈی جی خان میں ایک سڑک 30سال سے زیر التوا تھی،انشاء اللہ جلد وہ بھی مکمل کر لی جائے گی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ گوجرانوالہ ایکسپریس وے اور ایس ایل تھری جلدمکمل ہوجائیں گے۔الیکشن کے حوالے سے جہاں جہاں انفرادی واقعات ہورہے ہیں وہاں وہاں ایکشن لیا جارہا ہے۔
ڈی جی خان میں فیڈرل کے زیر اہتمام سڑک کی بھی ہم نے روڈ کارپیٹنگ کی ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے ٹریفک سگنل بھی نصب کئے جائیں گے۔
محکمہ صحت کے ڈیلی ویجرز کو تنخواہوں کی ادائیگی بلاتعطل ہو گی۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر ڈیرہ غازی خان، آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔