ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی نے شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ دونوں افسران نے بین الصوبائی چیک پوسٹ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، تعلیمی اداروں، اور کھیلوں کے مراکز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے بین الصوبائی چیک پوسٹ ترمن کا دورہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر تونسہ تیمور عثمان، ایس پی آپریشنز بختیار احمد، اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ نئی تعمیر ہونے والی جوائنٹ چیک پوسٹ کے لیے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا اور تمام محکموں کو جلد کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

چیک پوسٹ کے اطراف درختوں کی کٹائی کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ قریب موجود فاریسٹ عمارت کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ افسران نے چیک پوسٹ پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی محنت کو سراہا اور کہا کہ انسداد پولیو مہم میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تونسہ کا معائنہ کیا اور ہسپتال کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں موجود فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ الرٹ رہیں اور ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال میں ادویات کی کمی آئندہ ماہ تک پوری کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تونسہ جاتے ہوئے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کوٹ مبارک کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سکول کی بوسیدہ عمارت کا جائزہ لیتے ہوئے فوری رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو بھیجنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر تعلیمی سلسلے کو محدود کیا جائے اور تعلیمی اداروں کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے بی ایچ یو کوٹ مبارک اور آر ایچ سی شاہ صدر دین کا دورہ کرتے ہوئے ان مراکز میں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ عثمان خالد نے کہا کہ صحت کے مراکز میں کام مکمل ہونے کے بعد بہترین طبی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے تونسہ میں سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے کھیلوں کے میدانوں کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رابعہ بتول نے کرکٹ اور ہاکی اسٹیڈیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ عثمان خالد نے کرکٹ اسٹیڈیم کی مینٹی نینس بہتر کرنے اور بجلی کی فراہمی کو جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ تونسہ کے شہریوں کو جلد ہاکی اسٹیڈیم کا تحفہ دیا جائے گا اور کھیلوں کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے سنگھڑ پل کا بھی معائنہ کیا اور افسران سے پل کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ حکام نے بتایا کہ پل کے اطراف 3.80 کلومیٹر کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ عثمان خالد نے ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور فنڈز کی دستیابی کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سیکیورٹی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ادارے عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور محنت کریں۔

Shares: