ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ): ڈیرہ غازی خان انتظامیہ، پنجاب کونسل آف دی آرٹس اور محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام یوم دفاع کی ایک شاندار تقریب آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی۔ ضلع کی اس مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک مہمان خصوصی کے طور پر تشریف لائے۔
تقریب میں شہداء و غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاک افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ سکولوں کے طلبا و طالبات نے مختلف ٹیبلوز کے ذریعے دفاع وطن کی بھرپور عکاسی کی۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 1965 کی جنگ میں ہمارے دلیر جوانوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔ پاک افواج آہنی دیوار کی مانند ہیں، جسے کوئی پار نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ادارے اور قوم مضبوط ہونگے تو ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جدید دور میں ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے لیے ہمیں اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی عوام اپنے اداروں اور پوری قوم کے ساتھ ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو ملک کے بیرونی اور اندرونی دشمنوں کی پہچان کرانے کی ضرورت ہے۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم کی طاقت سے ہم نے اپنے دفاع کو مضبوط تر کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے آرٹ گیلری میں 6 ستمبر کے حوالے سے ایک شاندار تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔
اس تقریب میں اے ڈی سی غلام مصطفیٰ سیہڑ، پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل، سی ای او ریاض خان سمیت اساتذہ، طلبا و طالبات کی کثیر تعداد میں موجود تھی۔
یوم دفاع کی تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے تقاریر، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کرکے سامعین کو مسحور کر دیا۔ گورنمنٹ گرلز سکول نمبرون، گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول، دانش سکول، گورنمنٹ گرلز سکول ملا قائد شاہ جدید اور قدیم، ایسپائر کالج، گورنمنٹ گرلز سٹی سکول اور سنٹرل ماڈل سکول کے بچوں کی پرفارمنس قابل دید تھی۔