ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا میاں طیب فرید نے ڈیرہ غازی خان کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے واسا ہیڈ آفس کا تفصیلی معائنہ کیا اور شہر میں نکاسی و فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملک جواد کلیم سمیت اہم افسران، عملہ اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد بھی شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل سے واسا کی مکمل فعالی، پی ڈی پی کے جاری منصوبوں، سیوریج سسٹم کی بہتری، پانی کی فراہمی اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر واسا کے نظام کو فعال اور جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا میاں طیب فرید نے اجلاس میں ضروری فنڈز کی فراہمی، نئی تعیناتیوں اور سسٹم کی بہتری کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں واسا کو جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا اور تمام انتظامی و مالی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا ملک جواد کلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں موجودہ سیوریج مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے کئی جامع اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا سسٹم کی اپ گریڈیشن اور فیلڈ میں کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے۔

Shares: