ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو اور رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد سے ملاقات کی، جس میں ڈیرہ غازی خان میں جاری انسداد پولیو مہم کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عظمیٰ کاردار نے ڈی سی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پولیو فری پاکستان کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں انسداد پولیو مہم کی 98 فیصد کوریج کو سراہا اور بتایا کہ ان کا دورہ پولیو مہم کی نگرانی اور پڑتال کے سلسلے میں ہے۔

فوکل پرسن نے کہا کہ پنجاب بھر میں پولیو مہم کی مؤثر نگرانی کی گئی ہے، اور پاکستان و افغانستان مشترکہ طور پر پولیو کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے سرحدی علاقوں کی وجہ سے انوائرمینٹل سیمپلز کے پازیٹیو آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان، سندھ، اور خیبر پختونخوا کے ساتھ انسداد پولیو کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔

انہوں نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو ملک کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا۔ عظمیٰ کاردار نے کہا کہ حکومت، عوام، اور میڈیا کے تعاون سے جلد پولیو جیسے موذی مرض پر قابو پا لیا جائے گا۔ انہوں نے بارڈر کے قریب واقع ڈیرہ غازی خان میں پولیو مہم کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور کوہ سلیمان کے قبائلی علاقوں میں مقامی پولیو ورکرز کی خدمات کو بھی سراہا۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے تمام قبائلی بچوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا گیا ہے، اور پولیو فری ڈیرہ غازی خان کے لیے پرامید ہیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے بتایا کہ کوہ سلیمان میں ایچ آئی وی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، اور قبائلی علاقوں میں ایڈز اسکریننگ کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔

قبل ازیں، عظمیٰ کاردار نے دریائے سندھ کے کنارے بچوں کی ویکسینیشن کے عمل کا معائنہ بھی کیا اور انسداد پولیو کی مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Shares: