ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس آپریشن کو ڈیرہ غازی خان کی کالونیوں میں بھی بڑھایا جائے۔ خاص طور پر یو سی 17 کی عبداللہ ٹاؤن میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔

ذرائع کے مطابق عبداللہ ٹاؤن کی گلیوں میں لوگوں نے اپنے گھروں کے باہر بڑی بڑی سیڑھیاں اور گٹر بنا کر گلیوں کو بلاک کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کوبائیک چلانا تو دور کی بات ہے پیدل چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ گلی نمبر ایک میں پانچ فٹ کا گٹر گلی کے اوپر بنایا گیا ہے جس کے ساتھ چار فٹ کی سیڑھی بھی بنا دی گئی ہے۔ اس طرح کی ناجائز تجاوزات کو روکنے کی کوششوں کے باوجود مالک مکان نے اسے اپنی نگرانی میں تعمیر کروایا اور ہمسایوں کی شکایات کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ کارروائی جاری رکھی۔

مقامی رہائشیوں نےCEO میونسپل کارپوریشن جواد الحسن گوندل سے درخواست کی ہے کہ وہ عبداللہ ٹاؤن کا بھی دورہ کریں اور یہاں کی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ مقامی رہائشیوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

Shares: