ڈیرہ غازی خان: کم اجرت دینے والے اداروں کے خلاف لیبر ڈیپارٹمنٹ متحرک

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نامہ نگار شہزاد خان) لیبر ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ غازی خان نے کم اجرت دینے والے پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں، کاٹن فیکٹریز، فلور ملز اور دیگر اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

لیبر آفیسر محمد عقیل نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومت کے ویژن کے مطابق تمام ورکرز کی کم از کم اجرت کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے موجودہ حالات میں غریب ورکروں اور سیکیورٹی گارڈز کی اجرت کے تحفظ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ادارے، فلور ملز، کاٹن فیکٹریز، پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیاں، دکانیں، بھٹہ مالکان اور رائس ملز مالکان اپنے ورکرز کو 8 گھنٹے کی ڈیوٹی پر پابند رکھیں اور کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار روپے ادا کریں۔

اگر کوئی ادارہ یا کمپنی کم اجرت دیتے ہوئے پکڑی گئی تو ان کے خلاف فیکٹری شاپ ایکٹ کے تحت چالان کیا جائے گا۔ لیبر آفیسر نے تمام صنعتی اور تجارتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ادارے بروقت لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ کرائیں۔

یہ اقدام غریب ورکرز کے معاشی تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کے حقوق کی فراہمی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

Comments are closed.