ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے پر ایل پی جی ٹرالر میں آگ، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

تفصیل کے مطابق کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے پر شنواری پمپ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تین دیگر کیپسول ٹرالروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے بعد تمام ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کو 13:24 پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی اسٹیشن سے فائر وہیکل، موٹر بائیک ایمبولینس اور ریسکیو ایمبولینس روانہ کی گئیں۔ اضافی مدد کے لیے ڈی جی خان اور راجن پور کے مختلف اسٹیشنز سے 6 فائر وہیکلز اور 2 ریسکیو وہیکلز طلب کی گئیں۔

ریسکیو عملے نے ڈی سی کنٹرول روم اور پولیس کنٹرول روم کو مطلع کرنے کے ساتھ ساتھ پمپ اور قریبی ہوٹل کے تمام عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ فائر فائٹنگ اور کولنگ کے عمل کے دوران افسوسناک طور پر ایک 60 سالہ شخص آگ کے دھماکے میں جاں بحق ہو گیا، جبکہ چند ریسکیورز معمولی زخمی ہوئے۔

ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈیرہ غازیخان وقاص خلیق کر رہے ہیں اور فائر فائٹنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔

Shares: