ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر،جواداکبر)ڈیرہ غازی خان میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک اہم سنگِ میل ہے جس سے شہر میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ واسا کے قیام کی افتتاحی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں شہر کے عمائدین، اراکینِ اسمبلی، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، سابق ضلع ناظم اور لغاری چیف سردار جمال خان لغاری، ممبر قومی اسمبلی عبدالقادر خان کھوسہ اور ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب میاں طیب فرید تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان عثمان خالد، ممبرانِ صوبائی اسمبلی حنیف خان پتافی، احمد خان لغاری، علی یوسف لغاری، صلاح الدین کھوسہ اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا ڈیرہ غازی خان انجینئر جواد کلیم بھی موجود تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں واسا کے قیام کو ڈیرہ غازی خان کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ واسا کا مقصد ہر شہری تک صاف پانی پہنچانا اور نکاسی آب کا مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واسا کا قیام وزیراعلیٰ کی طرف سے ڈیرہ غازی خان کے عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔
سردار جمال خان لغاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پورے پنجاب میں بلا تفریق ترقیاتی اقدامات کر رہی ہیں، اور واسا کا قیام ڈیرہ غازی خان کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے سب کو سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔
ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب میاں طیب فرید نے بتایا کہ واسا کے تحت شہریوں کو پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ممبر صوبائی اسمبلی حنیف خان پتافی اور ایم ڈی واسا انجینئر جواد کلیم نے بھی واسا کے قیام کو وزیراعلیٰ کے ویژن کا عکاس قرار دیا۔
شہریوں نے بھی واسا کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس ادارے سے شہر کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور یہ شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔