باغی ٹی وی ، شاہصدردین ( شاہد عمران گاڈی نامہ نگار)پنجاب ہائی وے پٹرول ریجن کی طرف سے 12 ربیع الاول کے موقع پر پٹرولنگ پوسٹس پر چراغاں اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کی گئی
تفصیلات کے مطابق ریجنل پبلک ریلیشن آفیسر ممتاز حسین سب انسپکٹر نے بتایا کہ ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول ڈیرہ غازی خان چوہدری محمد شریف کی ہدایت پر سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے ظہور پاک کے موقع پر تمام پٹرولنگ پوسٹس پر چراغاں کیا گیا اور محفل حمد و ثناء اور ذکر و میلاد کا انعقاد کیا گیا اس کے ساتھ پٹرولنگ پولیس کے ایریاز میں منعقد ہونے والی محافل اور گزرنے والے جلوسوں کی کڑی نگرانی کی گئی تاکہ اس مبارک دن کے موقع پر کسی ناخوشگوار واقع سے بچا جا سکے۔
ایس پی چوہدری محمد شریف نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے نبی پاک کی تعلیم سے ہی ہم نے سیکھا کہ دوسروں کی مدد اور مصیبت زدوں کی دادرسی ہر مسلمان پر فرض ہے اور پٹرولنگ پولیس کی ڈیوٹی میں بھی یہی درس شامل ہے، اس لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کریں دنیا اور آخرت دونوں میں اجر ملے گا۔آخر میں ایس پی نے تمام مسلمانوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ پٹرولنگ پولیس 24 گھنٹے ہائی ویز پر موجود ہے کسی بھی پریشانی کی صورت میں ہیلپ لائن 1124 ملائیں پٹرولنگ پولیس کم سے کم وقت میں آپ کے پاس ہو گی اور آپ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

Shares: