ڈیرہ غازیخان: سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز کردیاگیا

ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر)سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز کردیاگیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں سیف سٹی پروجیکٹ کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، سی او ایم سی جواد الحسن گوندل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے شہزاد نذیر سمیت دیگر الائیڈ محکموں کے افسران اور سیف سٹی کی ٹیم بھی موجود تھی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیف سٹی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا مشترکہ سروے کیا جائے گا اور سرکاری محکموں کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچائے بغیر پروجیکٹ پر کام کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اس بات پر زور دیا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کی تکمیل سے ڈیرہ غازیخان جدید شہروں کی صف میں شامل ہو جائے گا اور جرائم کی کنٹرول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی روابط کی بدولت پروجیکٹ کی تکمیل میں آسانیاں پیدا ہوں گی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو شامل کیا جائے گا تاکہ کھدائی کے دوران دیگر محکموں کے انفراسٹرکچر کا خیال رکھا جائے۔

ڈی پی او سید علی نے اس پروجیکٹ کو انقلابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ٹیموں کو ورکنگ کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور مشترکہ سروے کے ذریعے پوائنٹس کی تنصیب اور اعتراضات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔

Comments are closed.