ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان صحافی اتحاد (پی ایس ای) کی جانب سے جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تاجدار ختم نبوت ﷺ شیلڈ تقسیم کی تقریب اقبال ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت پی ایس ای کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کی، جبکہ چیئرمین سوشل فورم محمد فاروق خان نے نگرانی کے فرائض سرانجام دیے اور سرپرستی سردار محمد اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے کی۔

تقریب کے دوران مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ محمد فاروق خان نے کہا کہ "انشاءاللہ ہم ہر سال پی ایس ای کے پلیٹ فارم سے آقائے مدنیﷺ کا میلاد مناتے رہیں گے۔ ہمارے لیے پیارے آقا محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے اپنی جان بھی قربان ہے۔”

تقریب کے دوران درود و سلام اور نعت مقبول پیش کی گئی۔ سردار اسلم خان چانڈیہ نے اپنے دل موہ لینے والے بیان سے شرکاء کے دلوں کو مدینہ منورہ کی گلیوں میں پہنچا دیا۔ آخر میں پی ایس ای کی جانب سے شیلڈ وصول کرنے والے شرکاء کو مبارکباد دی گئی۔

پی ایس ای کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ "آج کے بعد ہر سال پی ایس ای جشن عید میلاد النبی ﷺ بھی منائے گی اور اس موقع پر شیلڈز بھی تقسیم کی جائیں گی۔ اس اعزازی ایوارڈ کا نام ‘تاجدار ختم نبوتﷺ ‘ ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ای نہ صرف صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے بلکہ امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر بھی زور دیتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر بلال لودھی نے اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کرائی۔

Shares: