ڈیرہ غازی خان: وکیل صدام قریشی منشی کے ہاتھوں قتل، ملزم گرفتار
تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک وکیل کے منشی نے معمولی تنازع پر اپنے وکیل کے بھائی وکیل کو قتل کر دیا۔ واقعہ کچہری کے علاقے میں پیش آیا، جب وکیل صدام حسین قریشی اپنے چیمبر میں موجود تھے۔ صبح تقریباً دس بجے وکیل صدام حسین قریشی اور منشی رحمت اللہ پتافی کے درمیان لین دین کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو اچانک شدت اختیار کر گئی۔
منشی نے تکرار کے دوران چھری سے وکیل پر متعدد وار کیے، جس سے صدام حسین قریشی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں انہوں نے مدد کے لیے آواز دی اور خون میں لت پت اپنے چیمبر سے باہر نکلے، جہاں ساتھی وکلاء اور دیگر موجود افراد نے قاتل کو پکڑنے کی کوشش کی، مگر وہ چھری لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔
زخمی وکیل کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، مگر خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کی اور قاتل کو پیر عادل کے قریب سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم رحمت اللہ پتافی وکیل کے ساتھ عرصے سے کام کر رہا تھا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں کے درمیان مالی معاملات پر تنازع چل رہا تھا جو اس افسوسناک واقعے کا باعث بنا۔
صدام حسین قریشی ایڈووکیٹ، سینئر وکیل میاں غلام شبیر قریشی کے بیٹے اور ڈسٹرکٹ بار کے سینئر وکیل تجمل حسین قریشی کے چھوٹے بھائی تھے۔
یہ واقعہ وکلا برادری کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے اور ساتھی وکلا نے اس واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے








