ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ملک بھر میں پاک فوج کی حالیہ کامیابیوں کے بعد جہاں عوام نے انفرادی و اجتماعی سطح پر یومِ تشکر منایا، وہیں پاکستان صحافی اتحاد نے بھی اپنے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر کی زیر صدارت ایک مقامی ہوٹل میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ "یومِ تشکر” کا اہتمام کیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے افراد اور صحافی برادری نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈیرہ غازی خان کے سابق ایم پی اے سید محمد عبدالعلیم شاہ تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد سردار محمد اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے اپنی پُرجوش تقریر میں کہا کہ پورا پاکستان اپنی عظیم افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور دشمن کی کسی بھی میلی آنکھ کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اس موقع پر محترمہ ساجدہ خان، محمد فاروق خان، میاں عبدالرحمن بودلہ، خالد شہزاد اور محمد سعید قادری نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاک فوج سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور "یومِ تشکر” منانے پر پاکستان صحافی اتحاد کو خراج تحسین پیش کیا۔
مرکزی صدر پاکستان صحافی اتحاد، ظفر اقبال کھوکھر نے اپنے خطاب میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے ماحول کو گرماتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے ہاتھوں میں آج قلم ہے، لیکن اگر وقت آیا تو یہی ہاتھ تلوار تھام کر سرحدوں پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر بچہ فوج کے ساتھ ہے، اور یہ یومِ تشکر ہماری قومی وحدت کی علامت ہے۔
تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سید محمد عبدالعلیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے کردار کو قرآن و حدیث کی روشنی میں سراہا اور کہا کہ دشمن نہ صرف مکار ہے بلکہ بزدل بھی ہے، اور ہماری فوج ہر لمحہ چوکنا ہے۔ اگر دشمن نے کوئی نئی مہم جوئی کی تو پہلے سے بڑھ کر جواب ملے گا، کیونکہ اس بار صرف فوج نہیں، پوری قوم بھی جاگ چکی ہے۔
یہ تقریب عامر حسین (صدر مجلس عاملہ) اور ساجدہ خان (صدر سوشل فورم) کے تعاون سے اور محمد سعید قادری (چیئرمین سوشل فورم) کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی۔ آخر میں تمام شرکاء نے ملکی سلامتی، پاک فوج کی کامیابی اور اتحاد و یگانگت کے لیے دعائیں کیں۔