ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (بلاول سموں کی رپورٹ) چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی، وزیرِ خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کے ترقیاتی کام کا آغاز کردیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پی پی پی رکن سندھ اسمبلی ٹھٹھہ علی حسن زرداری،وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن ،وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ،سندھ کابینہ کے اراکین، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ،وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر ، سفارتکاروں، اعلیٰ سرکاری افسران، بزنس کمیونٹی کے نمائندوں اور معززین کی بڑی تعداد میں شرکت۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیرِ خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج انتہائی خوشی کا موقع ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے آج ایک اور سنگ میل منصوبہ شروع کردیا ہے ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ثابت کردیا کہ باقی باتیں کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی عمل کرکے دکھاتی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ صدر زرداری نے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی اور گوادر منصوبے کے لئے چین کو آمادہ کیا اور اس پر کام شروع ہوا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے منشور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور دیا تاکہ بزنس کمیونٹی کی مدد سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں اور معاشی ترقی اور خوشحالی پر کام ہو۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھر کول منصوبہ بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے بارے میں جھوٹا پراپیگنڈہ بھی کیا گیا لیکن جھوٹ ناکام ہوا اور سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کامیاب ہوئے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں سندھ صوبے کو چھٹے نمبر پر عالمی رینکنگ میں رکھا گیا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے جس طرح کووڈ اور سیلاب میں کام کیا اس کام کی سب تعریف کرتے ہیں۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر اور سندھ کا بینہ کے اراکین اپنے نمایاں منصوبوں کی کامیابی کے لئے خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور غربت اور بیروزگاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام کاروباری شخصیات ، نوجوانوں اور شہریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر پاکستان پیپلز پارٹی کے کام کو آگے بڑھائیں اور تیر کے نشان کی حمایت کریں تاکہ ہم سب اپنے عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لئے کام کرسکیں۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شہید سربراہ زوالفقار علی بھٹو نے 50 سال پہلے چین کے ساتھ پاکستان کی بے مثال دوستی کی بنیاد رکھی۔ جسے ان کی بیٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے آگے بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا آئیڈیا جناب آصف علی زرداری نے پیش کیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2016 کی سی پیک میٹنگ میں 06 اکنامک زون کی منظوری ہوئی تھی جس میں سے ایک منصوبے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پر آج کام کا آغاز ہورہا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون آئیڈیل لوکیشن پر واقع ہے۔ 1500 ایکڑ اراضی اس زون کے لئے کم ہے جسے مزید بڑھائیں گے۔ انشااللہ تعالی اس منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح بھی چیئرمین بلاول بحیثیت وزیرِ اعظم پاکستان کے کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی انشااللہ مزید ترقی کرے گا۔ اب کراچی کا میئر چیئرمین بلاول کا نمائندہ ہے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔

تقریب سے وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ آج ایک نئے تصور کا آغاز کرنے جارہے ییں جو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی معیشت کے استحکام کا باعث بنے گا۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی ترقی کا مرکز ہے اور کراچی پورٹ، کراچی ایئر پورٹ، پورٹ قاسم اور نیشنل ہائی وے سے نزدیک ترین دھابیجی اسپیشل اکنامک زون صنعتی ترقی کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگا۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار کا باعث ثابت ہوگا۔

تقریب سے سندھ اکنامک زون مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالعظیم عقیلی نے خطاب میں کہا کہ تین سی پیک منصوبوں میں سے ایک منصوبہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ہے جبکہ باقی دو منصوبوں میں کیٹی بندر منصوبہ اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ شامل ہیں۔عبدالعظیم عقیلی نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ایک مکمل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹ ہے جسے ڈیولپر اپنے مکمل اخراجات سے ڈیولپ کرے گا۔ جبکہ سندھ حکومت یوٹیلیٹیز اوردیگر سہولیات فراہم کرے گی۔

عبدالعظیم عقیلی نے بتایا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون 1500 ایکڑ زمین پر مشتمل ہے اور اس کا ترقیاتی کام 18 ماہ میں مکمل ہونے کی ٹائم لائن مقرر ہے۔تقریب سے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے ڈیولپر مہابت خان نے بھی خطاب میں کہا کہ انشااللہ ہم اس منصوبے کو قبل از وقت مکمل کریں گے۔ اور یہ منصوبہ بین الاقوامی ماحولیاتی اصولوں کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے۔

Shares: