ڈھاڈر: سرکٹ ہاؤس کے قریب دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں-
بولان کے علاقے ڈھاڈر میں سرکٹ ہاؤس اور نیشنل بینک کے قریب زور دار بم دھماکہ ہوا، جس کے فوراً بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی اطلاع ملی ہے مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،تاہم زخمی یا کسی جانی نقصان کی اطلاعات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں،واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئیں-
قبل ازیں بدھ کو ضلع بولان کے علاقے سنی شوران میں ایک بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، پولیس کے مطابق یہ ڈیوائس مقامی شخص عبدالحئی جتوی کے گھر کے اندر نصب کی گئی تھی، دھماکا اُس وقت ہوا جب بچے گھر میں کھیل رہے تھے،بچوں میں سے ایک نے بارودی سرنگ پر قدم رکھا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا، تین بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک کم عمر لڑکی سمیت 3 دیگر بچوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا،جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت ندیم احمد، سوما خان اور ایک کمسن لڑکی بختاور بی بی کے ناموں سے ہوئی –








