پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے شکارپور میں جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے والے ریلوے ٹریک دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واردات کو نہ صرف قابل مذمت بلکہ افسوسناک بھی قرار دیا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ ریلوے نظام کو نشانہ بنانا دراصل عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ ریلوے پاکستان کے اہم ترین رابطہ نظام میں سے ایک ہے جو لاکھوں مسافروں کو روزانہ سفر فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملے نہ صرف ریاست کے امن و امان کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی رکاوٹ ہیں۔مرکزی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اس واردات کے ذمہ دار عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ شازیہ مری نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے ٹریک پر حملے میں ملوث افراد انسانیت کے دشمن ہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو بے نقاب کریں اور اس قسم کے حملوں کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کریں تاکہ عوام کا سفر محفوظ بنایا جا سکے۔

Shares: