جنوب مشرقی ایشیا کے ملک لاؤس کے صوبے اودا مسائے میں ایک دکان میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 چینی باشندے شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے لاؤس نیشنل ریڈیو کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ ایک دکان میں ہوا جو چینی باشندوں کے زیرِ انتظام تھی۔ دھماکے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔چینی قونصل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے 3 افراد چینی شہری تھے۔ ان کے نام ابھی تک افشا نہیں کیے گئے ہیں۔ دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکا کس وجہ سے ہوا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جس دکان میں دھماکا ہوا، وہ چینی باشندوں کی ملکیت تھی، لیکن دھماکے کے حوالے سے مزید تفصیلات حاصل نہیں ہو سکیں۔ لاؤس کی پولیس اور حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجہ سامنے آ سکے۔