وزیراطلاعات بلوچستان کا کہنا تھا کہ سبی میں تحریک انصاف کی ریلی میں دھماکے کے دوران 4 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔جان اچکزئی نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔
واضح رہے کہ سبی میں جناح روڈ پر تحریک انصاف کی ریلی کے قریب دھماکہ ہو ا تھا دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق دھماکہ سیاسی جماعت کی ریلی کے قریب ہوا، بم موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے کے باعث زخمی ہونے والوں میں سے تین شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔
سبی سمیت کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، ڈاکٹروں اور عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے، پولیس ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقے کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سبی میں تحریک انصاف کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت بروقت انتخابات کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو انتخاب پُرامن ماحول میں ہوں گے، عوام 8 فروری کو ووٹ دینے کے لیے گھروں سے نکلیں۔

Shares: