مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اب کسی بھی ایسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو تعمیر و ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالے یا مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرے۔
نواز شریف نے ان خیالات رائیونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور امور خارجہ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کا اظہار کیا۔نواز شریف نے کہا کہ ملک میں مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک گروہ ایسا ہے جس کے پاس سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام و تفہیم کی صلاحیت نہیں ہے، اور اگر 2013 سے شروع ہونے والے تعمیری اور ترقیاتی سفر کو جاری رکھا جاتا تو آج پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) یا بیرونی امداد کی ضرورت نہ ہوتی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اب کسی بھی ایسے شخص یا گروہ کو ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے ناواقف عناصر کو اب لانگ مارچ، دھرنوں اور پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ 2013 میں شروع ہونے والے ترقیاتی عمل کو اگر اسی رفتار سے جاری رکھا جاتا تو آج پاکستان کو نہ آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت ہوتی۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام، خاص طور پر نوجوان نسل، کو ایک پُرامن اور ترقی پذیر ملک کی ضرورت ہے جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق مواقع ملیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو رہا ہے، اور اب ضرورت ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ان عناصر کے عزائم کو بے نقاب کیا جائے جو ملک میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ یہ عناصر سنجیدہ مذاکرات اور سیاسی افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ مؤثر طریقے سے اپنا کردار ادا کریں اور عوام کے ساتھ مضبوط رابطے قائم کریں۔ اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے نواز شریف کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔