اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ضلع بہاولپور میں تھانہ دھوڑ کوٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرتے ہوئے دو مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران 100 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی، جب کہ دو منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں آئیں، جن سے شراب کی ترسیل کی بڑی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔
سب انسپکٹر خدا بخش کی قیادت میں پولیس ٹیم نے گشت کے دوران موضع خیرپور ڈاہا کے قریب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محمد اسماعیل ولد غلام رسول ساکن موچی پنواں کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے دو نیلے جیری کینز برآمد کیے گئے جن میں 50 لیٹر دیسی شراب موجود تھی۔ کارروائی میں کانسٹیبل شاہنواز اور سجاد خان نے حصہ لیا۔
اسی روز اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالمجید کی سربراہی میں ٹیم نے بیٹ لنگاہ، پتن دریا کے مقام پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم اعجاز بلوچ ولد غلام علی، ساکن عمر کوٹ، کو دھر لیا۔ پولیس ٹیم میں عامر اصغر، فیض اللہ، وقار حسین اور ڈرائیور محمد ارشد شامل تھے۔ ملزم کے قبضے سے بھی 50 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔
دونوں مقدمات میں پولیس نے شراب کے 10،10 اونس نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کو بھجوا دیے ہیں، جب کہ باقی مقدار ثبوت کے طور پر محفوظ کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او سجاد حسین لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس علاقے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔







