ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) گورنر پنجاب نے ٹیچنگ ہسپتال کے اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی اپیل مسترد کردی، پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی جانب سے محتسب پنجاب کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ گورنر نے حکم دیا ہے کہ اضافی تنخواہوں کی وصولی کے معاملے میں ذمہ دار افراد کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت فوری کارروائی کی جائے اور اضافی رقم واپس سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے۔

محتسب پنجاب نے اپنی تحقیقات میں انکشاف کیا تھا کہ ہسپتال کی ایک چارج نرس، جو مسلسل غیر حاضر تھی، تنخواہ وصول کرتی رہی۔ یہ سلسلہ اکاؤنٹنٹ کی ملی بھگت سے جاری رہا، حالانکہ ہسپتال انتظامیہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اس صورتحال سے باخبر تھے۔

محتسب نے حکم دیا تھا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نہ صرف ذمہ دار افراد کی نشاندہی کریں بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے 30 دن کے اندر تعمیل رپورٹ پیش کریں۔

گورنر نے محتسب کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقائق اور شواہد کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اس میں کسی مداخلت کی ضرورت نہیں۔ اکاؤنٹنٹ عنایت احمدانی کی اپیل کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔

گورنر نے ہسپتال انتظامیہ کو محتسب کے حکم پر فوری عمل درآمد کا حکم دیا ہے تاکہ انتظامی بدعنوانی کا سدباب کیا جا سکے اور عوامی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: