قصور کے سب سے بڑے سرکاری ادارے ڈی ایچ کیو ہسپتال المعروف بابا بلھے شاہ ہسپتال میں عوام کے ساتھ سخت ناانصافی روز کا معمول بن چکی ہے

ہسپتال کی سرکاری ٹھیکے پر دی گئی پارکنگ میں شہریوں سے مقررہ نرخوں کے برعکس بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہے، پارکنگ ٹھیکیدار کی جانب سے فی موٹر سائیکل فی پھیرا تیس روپے جبکہ ہیلمٹ کے الگ سے بیس روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ پارکنگ پرچی پر نہ تو رقم پرنٹ ہوتی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی سرکاری رسید دی جا رہی ہے،واضع رہے کہ گورنمنٹ کی جانب سے موٹر سائیکل پارکنگ کی فیس دس روپے مقرر ہے مگر اس کے باوجود ٹھیکیدار مبینہ غنڈہ گردی کے ذریعے شہریوں سے تین گنا زائد رقم وصول کر رہا ہے

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس غیر قانونی وصولی کے خلاف شدید احتجاج کیا جا چکا ہے جس پر سابقہ ڈپٹی کمشنر قصور نے ٹھیکیدار کے خلاف پرچہ بھی درج کروایا تھا تاہم چند دن کی وقتی کارروائی کے بعد معاملہ پھر وہیں آ کھڑا ہوا ہے اور لوٹ مار دوبارہ سے جاری ہے،عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ازخود نوٹس لیتے ہوئے بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جاری اس کھلی لوٹ مار کو فوری طور پر بند کروائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے

Shares: