پنجاب میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید دُھند کا راج برقرار ہے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ دھند کے باعث متعدد موٹروے سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک، ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور موٹروے ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند کر دیے گئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز کو دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔ڈرائیور حضرات کو آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ گاڑیاں ایک دوسرے سے واضح طور پر نظر آئیں۔ترجمان نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کی بھی درخواست کی ہے، ساتھ ہی کہا کہ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔موٹروے پولیس نے معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Shares: