ہمارے ہاشم عاشورہِ محرم میں سیکیورٹی کے نام پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہوجاتی ہے لوگوں کو رابطے میں دشواری ہوتی ہے اور آن لائن کاروبار ٹھپ ہونے کے ساتھ ساتھ موبائل کمپنیوں کا کاروبار بھی کچھ دنوں کے لئے بند ہوجاتا ہے۔
اسی طرح کسی بھی احتجاج کے دوران کنٹینر لگا کر راستے بند کردئے جاتے ہیں۔ بزرگ ، مریض، حاملہ عورتوں اور بچوں کو سکول، ہسپتال اور روزمرہ زندگی کے معاملات میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ عام کاروبار بھی کاروبار ٹھپ ہوجاتا ہے۔
تازہ ترین یہ ہے کہ آج کل کے دنوں میں دُھند کے دوران موٹر وے بند کردیا جاتا ہے جس سے لوگوں کا سفر اور کاروبار ڈسٹری ہوتا ہے اور مہینے بھر کے لئے معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوتا ہے۔
پتہ نہیں ہم ہر کام کا حل چلتی پھرتی زندگی کو جام کرنے اور اپنا نقصان کرنے میں ہی کیوں سوچتے ہیں۔ کیا ان مسائل کو مواقع میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا؟
کہتے ہیں کام کرنے والے کام کرنے کی کوئی ایک وجہ ڈھونڈ ہی لیتے ہیں جب کہ نکمے اور سست لوگ سو وجوہات کے ہوتے ہوئے بھی کام نہ کرنے کا ایک بہانہ تراش لیتے ہیں ۔
دُھند زدہ اس ایک مہینے کے بعد اب ہمارے ہاں پانی کی کمی کی وجہ سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے پر واویلا ہوگا حالانکہ اس مضمون کے ساتھ شراکت کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دُھند کو پانی میں تبدیل کرنا تیکنیکی طور پر کتنا آسان اور قابلِ عمل ہے۔
اس سے ملتے جلتے بے شمار طریقے استعمال کئے جا سکتے ہیں جس میں کپڑے کا نیٹ، پلاسٹک کی شیٹیں یا کوئی بھی اس جیسا اور میٹیرئیل استعمال کرکے دُھند کو پانی بنا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہم کیوں نہ دُھند کی نعمت سے فائدہ اُٹھائیں۔
یہ ایک اچھوتا بزنس آئیڈیا بھی بن سکتا ہے جس میں کوئی بھی زرعی مشینری سے متعلقہ سیٹ اَپ دُھند سے پانی بنانے والے متحرک (موبائل) یونٹ بنا کر کسانوں کو روزانہ کی بنیاد پر کرائے پر بھی دے سکتا ہے۔
دُھند سے پانی بنانے والے یہ یونٹ اِس طرح بھی ڈیزائن کئے جاسکتے ہیں کہ مون سون کے موسم میں یہ افقی ہوکر بارش کا پانی بھی جمع کر سکیں ۔ یوں یہ مون سون اور دُھند، دونوں موسموں میں کارآمد ہو جائیں گے۔ ضرورت کے حساب سے ان کا سائز چھوٹا یا بڑا کیا جاسکتا ہے اور ہر وہ جگہ جہاں ترپال یا پلاسٹک شیٹ کا استعمال ہو تا ہے وہاں اس طرح کے یونٹ کے لئے بھی وہی کپڑا استعمال ہو سکتا ہے۔
اسی اُصول پر بھَٹّوں اور کارخانوں کی چمنیاں بھی ، جو عام طور پر ڈھند میں بند ہوتے ہیں ، دُھند کو واپس اندر کھینچ کر پانی میں تبدیل کرنے کے لئے استعمال کی جاسکتی ہیں یا پھر ایسی کئی موبائل چمنیاں بھی بنائی جا سکتی ہیں جو کھیتوں کی کنارے دُھند اپنے اندر کھینچ کر دوسری طرف نالے یا تالاب میں پانی نکال رہی ہوں۔