ڈیرہ اسماعیل خان : متوقع سیلابی الرٹ کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کیئے جارہے ہیں _کمشنر

ڈیرہ اسماعیل خان ،باغی ٹی وی ( احمدنواز مغل نامہ نگار) کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر الاسلام نے کہا ہے کہ نیشنل اینڈ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متوقع سیلابی الرٹ کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے اضلاع میں حفاظتی انتظامات کیئے جارہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع میں رود کوہی نظام آبپاشی کے پرانے نظام کو بحال کرنے کے لیئے پچاسی ملین روپے کے منصوبہ جات پر کام شروع کرا دیا گیا ہے اور محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا سے اس ضمن میں مکمل رابطہ میں ہیں جلد ہی فنڈز ریلیز کردیے جائیں گے

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد کی جانب سے 55 ملین روپے اور ڈی سی ٹانک کی جانب سے 30 ملین روپے کی رود کوہی سکیموں کی منظوری دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ چشمہ رائٹ بنک کینال میں گزشتہ سال سیلاب کے باعث جو کٹ لگائے گئے تھے متعلقہ محکمہ کو ایک ہفتہ کے اندر انہیں بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

گومل ذام ڈیم سے پانی کے اخراج کے حوالے سے یہ حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے کہ ڈیم میں پانی لیول سے دوتین میٹر کم رکھا جائے اور ممکنہ سیلابی اضافی پانی کی سٹوریج کی گنجائش ہو تاکہ سیلابی صورتحال میں دریائے سندھ اور رود کوہی و گومل ذام سے متعلقہ تمام آبی گزرگاہوں میں کنٹرولڈ پانی ہو اور خطرہ کم سے کم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، محکمہ مال اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے اس حوالے سے فوکل پرسن بنادیئے گئے ہیں اور واٹس ایپ گروپ کے ذریعے سب رابطہ میں ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ زمینداروں سے گذارش ہے کہ وہ رود کوہی یا دیگر علاقائی نظام آبپاشی کے حفاظتی بند سے اراضی کی آبپاشی کے لیئے کٹ لگانے سے گریز کریں اور اس حوالہ سے محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی آگاہ کریں۔

Leave a reply