ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمدنوازمغل)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے مرکزی چیئرمین و سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ لٹیروں کو اقتدار دیتے رہے تو پسماندگی ، غربت اور مشکلات رہیں گی۔ہم امن ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ سارے مداری دیکھ چکے ہیں۔عوام کی حالت نہیں بدلی اور چند لوگ خوش حال ہو گئے۔آئندہ الیکشن میں عوام کارکردگی و کردار کو مد نظر رکھ کر ووٹ کا استعمال کر یں،بد دیانت لیڈر ملک کو ترقی نہیں دے سکتا، ڈیرہ، ٹانک اور وزیرستان کے ابتر حالات دیکھ کر شرم آتی ہے،35 برس حکمرانی کرنے والے دوبارہ اقتدار میں آئے تو لوٹ مار ہی کریں گے۔تبدیلی کے نعرے پر صرف ہم نے عمل کیا۔ایسے لوگوں کی بد شکل عوام کو دکھا رہے ہیں،عوام ان سے انتقام لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پا کستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے زیر اہتمام حق نواز پارک ڈیرہ میں گزشتہ شب ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،
ا س موقع پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان ، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محمد یعقوب شیخ ، سابق ایم پی اے سردار آغاز خان گنڈہ پور، سابق ایم پی اے احتشام جاوید اکبر ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سٹی ون ملک قیوم نواز حسام ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پروآ خالد سلیم استرانہ ، عرفان خان کامرانی ، سجیل برکی ، محمد رمضان شوری ودیگر قائدین موجود تھے ،
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے مرکزی چیئرمین پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان میں سب کچھ ہے مگر قرض کی واپسی کا وقت آیا تو ملک بدحال ہو گیا۔اجارہ داروں سے نجات پانے کا وقت آ چکا ہے۔سی پیک مغربی روٹ ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال میں نہ کرپشن ختم کر سکی نہ نظام درست کیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی عمران خان کی نہیں ہماری کارکردگی تھی، وہ جھوٹ بول رہا ہے، سولہ ماہ چوروں کی حکومت رہی، مہنگائی کا طوفان آ گیا۔خدا کا واسطہ ہے ہمیں ووٹ مت دو لیکن چوروں سے بچیں، اقتدار میں آئے تو چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال بنائیں گے۔
ڈیرہ کی ترقی ہماری مرہون منت ہے۔ہم نے اربوں روپے مہیا کیے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے عوام کا اعتماد تو حاصل کریں، سیلاب زدگان کو مالی امداد دلوائیں گے، ٹانک زام ڈیم بنائیں گے، وائس چیئرمین وسابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر ڈیرہ کے عوام کا اعتماد نہیں ہم نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے، ٹانک کے لیے 75 کروڑ روپے آب نوشی منصوبے کے لیے دیے۔ٹانک زام ڈیم پر کام پی ڈی ایم حکومت نے روک دیا،عوام نے الیکشن میں ہم پر اعتماد کیا تو گل امام و پنیالہ کو تحصیل بنائیں گے۔سی آر بی سی لفٹ کینال تعمیر کریں گے۔موٹر وے بنائیں گے۔رابطہ سڑکیں بنائیں گے۔ایجوکیشن و فوڈ کارڈز جاری کریں گے۔
ایمل ولی خان کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم والے چور ہیں۔آئندہ حکومت پی ٹی آئی پی کی ہو گی، سابق ایم پی اے احتشام جاوید اکبر نے کہا کہ سیاست کو پرویز خٹک کی ضرورت ہے۔ان کی کارکردگی نے عمران خان کو وزیر اعظم بنایا، یہ ہمارے محسن اور اچھائی کے مالک ہیں، پرویز خٹک ہی وفاق سے ہمارے حقوق کی جنگ لڑ سکتے ہیں۔ سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سردار آغاز خان گنڈاپور نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں جھاڑو پھیر دیں گے۔ہماری حکومت ترقی و خوش حالی کے لیے اقدامات کرے گی۔
امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سٹی ون ملک قیوم نواز حسام نے کہا کہ ماضی میں عوامی انتخاب کا احترام کرنے کے بجائے نتائج تبدیل کیے گئے،ہمیں امید ہے کہ ڈیرہ کے مسائل پرویز خٹک حل کریں گے۔عوام ہمارے ساتھ ہیں۔مہنگائی بھی کم کی جائے گی، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پروآ خالد سلیم خان آسترانہ نے پروآ کے لوگوں کی جلسے میں شرکت پر شکریہ ادا کیا
ٹانک سے رمضان شوری نے کہا کہ ڈیرہ و ٹانک کو ماضی میں ترقی سے محروم رکھا گیا ہے۔پینے کا صاف پانی و بجلی دستیاب نہیں، ٹانک ذام ڈیم بنایا جائے،صحت و مواصلات اور آب نوشی کی سہولیات فراہم کی جائیں،
سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محمد شیخ یعقوب نے تلاوت کلام کے بعد مہمانوں سمیت عوام کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقے سے تحریک کی ابتدا خوش آئند اقدام ہے۔امید ہے پرویز خٹک اقتدار میں آکر ڈیرہ کو میگاپراجیکٹ دیں گے۔اگر حکومت ختم نہ ہوتی تو چشمہ رائٹ بینک کینال کے لیے دس کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے،
جلسہ میں عابد پرویز نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔ قبل ازیں ملک قیوم نواز حسام کی قیادت میں ان کی رہائشگاہ حسام ہاؤس ظفر آباد کالونی سے موٹرکاروں ، موٹرسائیکلوں کی ایک بڑی ریلی نکالی گئی ، اس موقع پر شرکاء نے پرویز خٹک ، محمود خان ، یعقوب شیخ اور ملک قیوم نواز حسام کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی ، جلوس کے شرکاء پر مختلف راستوں پر لوگوں نے گل پاشی بھی کی ،یہ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی حق نواز پارک میں منعقدہ جلسہ پر پہنچ کر اختتام پذیرہوئی ۔