ڈیرہ اسماعیل خان : دہشتگردوں کے تھانے پر حملے میں 10 اہلکار شہید ہوگئے جب کہ 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل درابن کے تھانے پر رات گئے نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کیا۔دہشتگردوں کے حملے میں ڈیوٹی پر موجود 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔
شہید ہونے والوں میں ضلع صوابی کے 4 اہلکار شامل ہیں۔ضلع صوابی ایلیٹ فورس کے 1 نوجوان سمیت 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں کوثر خان، حمیدالحق، احترام سید اور رفیع اللہ شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں احمد حسین اور سفید علی شامل، شہداء اور زخمی اہلکاروں کا تعلق ضلع صوابی کے مختلف علاقوں سے ہے
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان کا کہنا ہے کہ افسوس ناک سانحے سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشت گردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا، ڈیرہ اسماعیل میں درابن تھانے پر رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کیاجس کے باعث پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے، زخمی 6 اہلکاروں کا بہترین اسپتالوں میں علاج ہوگا
پوری قوم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کے پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے،وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی ء درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کی ہے،وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے،وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں امن و امان کے نفاذ کے حوالے سے ہمارے عزم کو ختم کرنے میں ہمیشہ کی طرح ناکام رہیں گی ،پوری قوم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کو سلام پیش کرتی ہے
خیبر پختونخواہ پولیس نے ہمیشہ دہشتگردوں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا ، شہباز شریف
سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں اور ان کی وطن عزیز کے خاطر قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خیبر پختونخواہ پولیس نے ہمیشہ دہشتگردوں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور ایسے قابل مذمت حملے ان کے امن کے حصول اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے عزم کو مزید پختہ کریں گے،
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں،عشرت العباد
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔ شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت ہے اور زخمی ہونے والے 6 کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ ان شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام حاصل ہو۔ دہشت گردی کے اس ناپاک عمل کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا.
دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ، اتحاد کی قوت سے اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا،محسن نقوی
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے،وزیر اعلی محسن نقوی نےحملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیر اعلی محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی ہے، اور کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ہیں۔ اتحاد کی قوت سے اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شہید اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔