ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے گنڈاپور گروپ سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی آج صبح گاؤں ابا شہید میں کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملی تھی، جس پر فوری طور پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی، تاہم فورسز کی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں تمام 7 دہشت گرد مارے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں مختلف تخریبی سرگرمیوں، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، جہاں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر حساس مواد برآمد ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن بھی کیا تاکہ کسی ممکنہ سہولت کار یا مزید دہشت گردوں کی موجودگی کو یقینی طور پر ختم کیا جا سکے۔ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز ہر ممکن اقدام کرتی رہیں گی۔








