سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) سیالکوٹ کے علاقے نیا عدالت گڑھا کا 18 سالہ رہائشی حشام، جو عید میلاد النبی ﷺ کی رات اپنے گھر کی چھت پر رنگ برنگی لائٹیں لگا رہا تھا، اندھی گولی کا نشانہ بننے کے بعد 8 روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد سول ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
واقعہ عید میلاد النبی کی رات پیش آیا جب نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی حشام کو جا لگی۔ اسے فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم طبی امداد کے باوجود حشام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 8 دن بعد چل بسا۔
حشام کی اچانک موت نے علاقے میں گہرے دکھ اور غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور نامعلوم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔