گزشتہ 25 سال سے کامیابی سے جاری آئیڈیاز نمائش کا انعقاد اس سال 19سے 22 نومبر تک کراچی میں ہو گا اور نمائش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کو صاف رکھنے کی ہدایت کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال 19 سے 22 نومبر تک کراچی میں آئیڈیاز نمائش کا اہتمام کیا جائے گا اور اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آئیڈیاز کے موقع پر شہر کوصاف رکھنے کی ہدایت کردی۔اس سلسلے میں عوام کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے 21 نومبر کو سی ویو نشان پاکستان پر شہریوں کے لیے کراچی شو کا اہتمام کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیاز 2024 سے پاکستان کے اسٹریٹیجک تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا اور یہ مجموعی طور پر پاکستان کے لیے ایک کامیابی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی امن کے استحکام اور توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار رہا ہے اور آئیڈیاز کی میزبانی خطے میں تکنیکی ترقی اور تبادلے کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمارے عہد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مراد علی شاہ نے آئیڈیاز 2024 کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مضبوط نمائندگی اس تقریب کی کامیابی کے لیے ہماری مشترکہ عزم کی عکاسی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں فٹ پاتھ کو پینٹ کر کے گرین بیلٹ میں پودے اور گھاس لگائیں اور آئیڈیاز کے ایونٹ سے پہلے جن سڑکوں اور راستوں کو مرمت کی ضرورت ہے، وہاں پیچ ورک مکمل کیا جائے جبکہ اسٹریٹ لائٹس درست کرنے کے ساتھ ساتھ سگنلز کی صفائی اور ان کو پینٹ کر کے بہتر کیا جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام کو نمائش کے دنوں میں مشکلات سے بچانے کے لیے ٹریفک پولیس کو ٹریفک مینجمنٹ اور متبادل راستوں کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ پارٹنرشپ آئیڈیا پلیٹ فارم کے لیے حکومت سندھ کی غیر متزلزل حمایت کی تصدیق کرتی ہے اور سنہ 2000 کے آغاز کے بعد سے یہ ایونٹ قومی اور عالمی دفاعی صنعت کی پہچان اور مستقل طور پر ایک بڑا اجتماع بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کو اب دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے، دفاعی نمائش میں جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان اور اس سے باہر علم کے تبادلے کو فروغ ملتا ہے جبکہ دفاعی نمائش عالمی شراکت داروں کے ساتھ ہمارے گہرے و باہمی تعلقات کا ثبوت ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ مشترکہ پلیٹ فارم سے عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کا پیغام جاتا ہے اور نمائش میں غیر ملکی مندوبین و دفاعی صنعت کار امن و سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا آغاز کیا گیا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے۔ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے ایک بار پھر کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے اور 12ویں آئیڈیاز 19 سے 22 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔
قائداعظم ٹرافی ، لاہور وائٹس،ڈیرہ مراد جمالی،حیدرآباد،سیالکوٹ اور بہاولپور کی کامیابی
کراچی: غیر ملکیوں کو پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، وزیراعلی کا نوٹس
شہرقائد میں سمندری ہوائیں بحال، موسم آج بھی گرم اور مرطوب
وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت اجلاس، چائنیز شہریوں کی سیکیورٹی کا جائزہ