کراچی ٹریفک پولیس کے سربراہ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے زیرِ استعمال سرکاری گاڑی کا بھی ای چالان کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ چالان گارڈن کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے خود اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چالان اُس وقت ہوا جب گاڑی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "گاڑی کا 10 ہزار روپے کا چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر ہوا ہے، اور میں یقیناً یہ چالان اپنی جیب سے ادا کروں گا۔”پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ مذکورہ گاڑی سندھ پولیس کے سینٹرل پولیس آفس (CPO) کے پتے پر رجسٹرڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چالان کے بعد انہوں نے ڈرائیور کو سخت ہدایت دی ہے کہ آئندہ ہر سفر کے دوران سیٹ بیلٹ لازمی استعمال کرے۔انہوں نے عوام کے لیے بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ٹریفک قوانین سب کے لیے برابر ہیں ،قانون کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے، چاہے وہ عام شہری ہو یا پولیس افسر۔”

پیر محمد شاہ کے اس اقدام کو شہری حلقوں میں مثبت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ انہوں نے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی تسلیم کی بلکہ خود احتسابی کا مظاہرہ بھی کیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں ای چالان مہم تیز کی گئی ہے تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا رجحان بڑھایا جا سکے۔

Shares: