وزارت قانون نے ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق قانون سازی کے لیے تیار کردہ قانونی مسودہ پاکستان کرپٹو کونسل کے اجلاس میں پیش کر دیا ہے۔ اس مجوزہ قانون میں ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ایک مضبوط ریگولیٹری ڈھانچہ تجویز کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں ڈیجیٹل اثاثوں کی قانون سازی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ مسودہ کرپٹو کونسل کے اراکین کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، جس میں گورننس، پروٹوکول اور سرمایہ کاروں کے تحفظ جیسے اہم نکات کو شامل کیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق مجوزہ قانونی فریم ورک کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا گیا ہے اور اجلاس میں اس فریم ورک کا مکمل جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے اس قانونی فریم ورک پر فوری طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس فریم ورک کو ہنگامی بنیادوں پر منظوری دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان حالیہ عرصے میں ڈیجیٹل کرنسیوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ رواں برس مارچ میں پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام کا مقصد بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے مناسب ضوابط مرتب کرنا اور انہیں فروغ دینا تھا۔

بلاول بھٹو کا بھارت کو انتباہ،پانی پر مذاکرات سے ہی مسائل حل ہوں گے
یو اے ای میں 139 ملین درہم کے قرضے معاف، عید پر 1900 سے زائد قیدیوں کی رہائی

Shares: