بھارت میں ایک دلچسپ اور انوکھا واقعہ اس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے جب ایک شادی کی تقریب میں دلہن کے والد نے سلامی لینے کے لیے روایتی طریقہ چھوڑ کر جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا۔

بھارتی ریاست کیرالہ میں ہونے والی ایک شادی میں دلہن کے والد نے اپنے کپڑوں پر ڈیجیٹل بار کوڈ (QR Code) لگایا اور باراتیوں سے کہا کہ وہ اس کوڈ کو اسکین کر کے سلامی کی رقم منتقل کریں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی میں شریک مہمان موبائل فون کے ذریعے بار کوڈ اسکین کر رہے ہیں اور دلہن کے والد خوش دلی سے یہ رقم ڈیجیٹل طریقے سے وصول کر رہے ہیں۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، جہاں صارفین اسے "ڈیجیٹل انڈیا کی بہترین مثال” قرار دے رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے دلہن کے والد کے اس تخلیقی اور منفرد خیال کو سراہا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اب شادیوں میں "کیش دینے کی جھجک” ختم ہو جائے گی کیونکہ سلامی اب صرف ایک اسکین کی دوری پر ہے۔

کچھ صارفین نے یہ بھی لکھا کہ مستقبل میں شادیوں میں کیش، لفافے یا تحفوں کی جگہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رواج بڑھ جائے گا۔ دوسری جانب، چند لوگوں نے اس رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شادی کی خوشیوں اور روایتی انداز کی "ذاتی چھاپ” آہستہ آہستہ ختم ہوتی جا رہی ہے۔

Shares: