ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمد نواز مغل) ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام 2023 کے سلسلے میںساتویں محرم کا علم و زوالجناح کا ماتمی جلوس جامع مسجد لاٹو فقیر (حضرت علی )سے نکالا گیا جو اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنے مقررہ وقت پر امام بارگاہ حیدر شاہ شیرازی پر اختتام پذیر ہوا جبکہ اس کے فورا بعد دوسرا ماتم جلوس امام بارگاہ حیدر شاہ شیرازی ہی سے شروع ہوا جو اپنے مقررہ وقت پر جامع مسجد لاٹوفقیر حضرت علی پر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس میں عزاء دار نوحہ خوانی اور ماتم داری و سینہ کوبی کرتے ہوئے مظلوم کربلا حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کو پرسہ دیتے رہے۔ جلوس کے راستوں میں سبیل حسین کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر حاجی عبدالحلیم خان قصوریہ ، سید سجادحسین شاہ شیرازی،سید تجمل حسین شاہ شیرازی ،انجمن متولیان کے صدر سید تنویر حسین شاہ،سید حسین علی کاظمی بھی شریک تھے،
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے۔ جلوس میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شیعہ انجمنوں کے رضا کار بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ دونوں جلوسوں کے اختتام پر ملک بھر بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام میں قیام امن، مظلوم کشمیری و فلسطینیوں اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں۔








