ڈیرہ اسماعیل خان: پانی ملا دودھ فروخت کرنے پر5دکانیں سیل

شہری آبادیوں میں چمڑے کی خریداری ,چمڑے کے کاروبار میں ملوث 8دوکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمد نواز مغل) ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل کی بڑی کارروائیاں، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحا ن احمد کی قیادت میں پانی ملا دودھ کی 5دوکانیں موقع پر سیل جبکہ چمڑے کے کاروبار میں ملوث 8دوکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ منصور ارشد کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد نے لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے اقبال ملک شاپ نزد لغاری گیٹ، المکہ ملک شاپ مشن موڑ، اللہ نواز ملک شاپ صدر بازار، اللہ ڈتہ ملک شاپ صدر بازار اور نوید ملک شاپ نزد پولیس لائن کے دودھ کے سیمپل حاصل کرکے موقع پر جدید موبائل لیبارٹری کے ذریعے سیمپل لئے گئے جن کے رزلٹ مثبت آئے جن میں پانی کی مقدار مقرر کردہ حد سے تجاوز پائی گئی ،

اس موقع پر 5دکانات کو اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد نے موقع پر سیل کر دیا۔جبکہ دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ فرحان احمد نے انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آفیسر، سول ڈیفینس آفیسر ڈیرہ، ریونیو فیلڈ اسٹاف ڈیرہ اور مقامی پولیس کے ہمراہ بلمقابل ڈائیوو بس اڈہ مین بنوں روڈ پر واقع چمڑے اور کھالوں کے کاروبار میں ملوث کارخانوں/دوکانوں کا دورہ کیا، عوامی شکایات پر موقع پر موجود 8 دوکانوں کو سیل کر دیا ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر فرحان احمد کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا مضر صحت دودھ کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دودھ میں پانی کی ملاوٹ کرنے والے ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے ۔ماحول دشمن افراد کیلئے کوئی معافی نہیں ہے لہٰذا شہری آبادیوں میں چمڑے کی خریداری پر پابندی عائد ہے اور جو بھی اس سرگرمی میں ملوث پایا گیا انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائے جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔

Leave a reply