پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے پانچ خوارجی مارے گئے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مارے گئے خوارجیوں میں سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع بھی شامل ہے۔ ہلاک خوارجیوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والی خوارجی سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ۔مارے گئے خوارجی شہریوں کے قتل عام میں بھی ملوث تھے.ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم کی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے خارجی سرغنہ سمیت 5 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر آپریشن میں شریک افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں کی تعریف بھی کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مجھ سمیت پوری قوم اپنی جان کی پروا کئے بغیر ملک دشمنوں کے خلاف جنگ میں شریک سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ 5 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز پر قوم کو ناز ہے۔ سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پاکستان کے عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔