ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمدنوازمغل) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالرئوف خان نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات جمع کرانے کا سلسلہ 26اکتوبر تک جاری رہے گا 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک اعتراضات کی شنوائی ہوگی نئی مردم شماری کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں 188 بلاکس کا اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کے عمل کی تکمیل کے بعد انتخابی فہرستوں کو نئے بلاکس کے مطابق حتمی شکل دی جارہی ہے۔ 26 اکتوبر تک نئے شناختی کارڈز حاصل کرنے والوں کے ووٹوں کے اندراج اور پتہ کی تبدیلی کے مطابق ووٹ کی منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔
نئی مردم شماری کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بلاکس کی تعداد ایک ہزار تہتر سے بڑھ کر 1261 ہوگئی ہے جو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے چوالیس، پینتالیس اور این اے 43 ٹانک کم ڈیرہ ، کلاچی تحصیل پنیالہ تحصیل اور یارک قانون گو حلقہ پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری 8300 پر اپنے شناختی کارڈ کا نمبر بھیج کر اپنا ووٹ چیک کرسکتے ہیں اگر مطمئن نہ ہوں تو 25 اکتوبر تک فارم 21کے ذریعے اپنے مطلوبہ پتہ پر ووٹ منتقل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عمل کے لیئے بیس ماسٹر ٹرینرز کی تربیت مکمل ہوچکی ہے یہی ماسٹرز ٹرینرز الیکشن کے لئے مقرر کئے گئے تقریبا نو ہزار سے زائد عملہ کو تربیت فراہم کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ آئین پاکستان کے مطابق اپنے فرائض منصبی محدود وسائل کے باوجود سرانجام دے رہا ہے۔ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 27 کے مطابق شناختی کارڈ پر درج ایک پتہ پر ہی شہری کا ووٹ رجسٹرڈ ہوگا۔








