ڈیرہ اسماعیل خان،تحصیل پنیالہ میں پولیس موبائل پر ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے میں 3 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ ایک اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکہ پنیالہ کے علاقے میں اُس وقت ہوا جب معمول کی گشت پر مامور تھانہ پنیالہ کی پولیس موبائل گزر رہی تھی۔ اچانک سڑک کنارے نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ دھماکے کے وقت گاڑی میں موجود کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔دھماکے کی خبر ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد شہدا کے جسد خاکی ٹی ایچ کیو ہسپتال پنیالہ منتقل کر دیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرولڈ آئی ای ڈی سے کیا گیا، تاہم پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔آئی جی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہدا کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔








