نارنگ منڈی (نامہ نگار،محمد وقاص قمر) حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب نے نارووال-نارنگ-لاہور ریلوے سیکشن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ریلوے ٹریک کمزور اور خستہ حال ہو چکا ہے، پٹریوں کے نیچے سے مٹی نرم ہو چکی ہے اور پتھر غائب ہیں۔ اس کے باوجود، پاکستان ریلوے کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس ناکارہ ٹریک پر ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

مسافروں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین کی پٹریوں کی دیکھ بھال کی جائے اور ٹریک کو مضبوط بنانے کے لیے پتھر ڈالے جائیں۔ جہاں سے سیلاب اور بارش کے باعث مٹی نرم ہو کر دلدلی ہو چکی ہے، وہاں مٹی ڈال کر اس کی مرمت کی جائے۔

واضح رہے کہ لاہور-نارنگ-نارووال-سیالکوٹ سیکشن پر نارووال سے سیالکوٹ-وزیر آباد کا ٹریک پہلے ہی سیلابی پانی میں بہہ چکا ہے، جس کی تاحال مرمت نہیں ہو سکی اور اس پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے۔ صرف لاہور سے نارووال تک ہی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، اور وہ بھی ایک انتہائی خطرناک ٹریک پر۔

Shares: