تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب واقع دلی جان ہائی اسکول پر مسلح افراد کی فائرنگ کے باعث طلباء اور اساتذہ میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یہ واقعہ ملک اور چولیانی قبائل کے درمیان جاری زمینی تنازعے کا نتیجہ ہے۔ چولیانی قبیلے کے افراد نے اسکول میں موجود ٹیچر ایاز ملک کو نشانہ بنانے کے لیے فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں گاؤں والوں نے بھی فائرنگ کی جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں قبائل کے درمیان اس تنازعے میں اب تک تین افراد قتل ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل اسی تنازعے میں ایک پرائمری اسکول کے ٹیچر رانو ملک بھی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ واقعے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔