برصغیر کی معروف اداکارہ سائرہ بانو نے کہا ہے کہ ان کے شوہر نامور اداکاریوسف خان المعروف دلیپ کمار کو ان کے دونوں بھائیوں کی وفات کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ سائرہ بانو نے انتہائی افسردہ لہجے میں کہا کہ97 سالہ دلیپ صاحب کے دو بھائی اسلم خان اور احسان خان صرف پندرہ دنوں کے دوران کورونا وائرس کی نذر ہو گئے اور اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ جس سے پورا خاندان سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں بھائیوں کے چلے جانے سے وہ اپنے اچھے دوستوں سے محروم ہو گئی ہیں۔ سائرہ بانو نے مزید کہا کہ دلیپ صاحب کی صحت ایسی نہیں ہے کہ انہیں کوئی صدمے والی بات بتائی جائے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دلیپ صاحب کو خوش رکھنے کی کوشش کی جائے اور انہیں دکھ کی کوئی خبر نہ سنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اداکار امیتابھ بچن کو کورونا وائرس کے باعث ہسپتال جانا پڑا لیکن دلیپ صاحب کو ان کی بیماری کا بھی نہیں بتایا گیا کیونکہ دلیپ صاحب امیتابھ بچن سے بے حد پیار کرتے ہیں۔ دلیپ کمار کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سائرہ بانو نے بتایا کہ وہ گھر پر مکمل طور پر قرنطینہ میں ہیں اور کسی کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ حال ہی میں انہیں ڈی ہائیڈریشن کی شکایت ہوئی تھی جس کی وجہ سے ان کے بلڈ پریشر میں اتار چڑھاو آتا رہتا ہے جس کا علاج جاری ہے۔ سائرہ بانو نے دلیپ صاحب کے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ دلیپ صاحب کی صحت یابی کے لئے دعا کریں۔

دلیپ کمار کو دونوں بھائیوں کی وفات کی خبرنہیں دی گئی۔ سائرہ بانو
Shares: