راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کمانڈر بلوچستان کور سے رابطہ کرکے بلوچستان حکومت سے مکمل تعاون کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کمانڈر بلوچستان کور سے رابطہ کیا اور سیلاب کی صورتحال سے متعلق آگاہی حاصل کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے کمانڈر بلوچستان کور کو امدادی کاموں میں بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے متاثرین کی جلد بحالی اورریلیف کے لیے اقدامات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سول انتظامیہ سے ہرممکن تعاون کیا جائے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کہ بلوچستان میں غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے مواصلاتی نظام کو بہت نقصان پہنچا ہے، فوج تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ آبادی کی مدد کرے۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نے مزید کہا کہ فوج ہنگامی بنیادوں پر انفرااسٹرکچراورمواصلاتی نظام کی بحالی پرفوری کام کرے۔
خیال رہے بارش اور سیلاب کے باعث بلوچستان ملک بھر سے کٹ کے رہ گیا ہے ، صوبے کے تمام زمینی رابطے منقطع ہوگئے جبکہ مختلف علاقوں میں اٹھارہ پل ٹوٹ گئے۔
صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد دو سو سے زائد ہوگئی جبکہ ایک لاکھ سات ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے اور تقریبا دو لاکھ ایکڑ زمین پر پھیلی فصلوں کو نقصان پہنچا۔