وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمراں، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے 26 دسمبر 2025 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ دورہ اُن کی بطور صدرِ متحدہ عرب امارات پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔

عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان آمد پر اُن کا نہایت گرمجوش اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی شاہی طیارے کو پاک فضائیہ کے جے ایف-17 جنگی طیاروں نے حفاظتی حصار میں لے لیا۔ نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان بامعنی اور تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے خیالات کا تبادلہ کیا۔ ملاقات میں جاری تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

دونوں فریقین نے اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی روابط (پیپل ٹو پیپل ایکسچینجز) کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں قائدین نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Shares: