کراچی: اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں ڈاکٹروں نے ’’وائٹ کوٹ مارچ‘‘ کیا۔
باغی ٹی وی: نیشنل اسٹیڈیم سگنل تا لیاقت نیشنل اسپتال تک ہونے والے مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کی جس میںنائب امیر جماعت اسلامی پاکستان معراج الہدیٰ ، نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز سمیت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء نے فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے ”وائٹ کوٹ مارچ“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کا اس نوعیت کا احتجاج نہیں ہوا جس طرح آج کراچی کے ڈاکٹروں نے کیا ہے امریکا اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک کے حکمران اسرائیل کی پشت بانی کررہے ہیں جس کی وجہ سے شکست خوردہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے،حماس چھوٹی جماعت ہے لیکن مضبوط ایمان کے ذریعے اس جنگ کو لڑ رہے ہیں، حماس نے بتایا کہ مزاحمت میں زندگی ہے، 7 اکتوبر کو اسرائیل کو جھٹکا لگا،اسرائیل کی تمام ٹیکنالوجی ناکام ہوگئی ہے، اسرائیل شکست کھانے کے بعد انتقامی آگ ٹھنڈی کرنے کے لیے بچوں اور اسپتالوں پر بمباری کررہا ہے، 62 دن گزرنے کے باوجود حماس کے مجاہدین سے مقابلہ نہیں کرسکا، 75 ہزار سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں، 18 ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں۔
مارچ سے خطاب میں نگران وزیر صحت سعد نیاز کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جاری بمباری اور دہشت گردی مذہب سے زیادہ مسئلہ انسانیت کا ہے، اسپتالوں ، ڈاکٹروں اور ایمبولینسز پر حملوں سے مغربی تہذیب کو چلانے والوں کا چہرہ کھل کر بے نقاب ہوگیا ہے، افسوس کی بات ہے کہ جس قوم نے آخری جنگ عظیم میں اذیت اٹھائی آج وہی قوم سب سے زیادہ بربریت کا مظاہرہ کررہی ہے فلسطین میں جاری بمباری و دہشت گردی سے مذہب سے زیادہ مسئلہ انسانیت کا ہے۔ کبھی بھی اسپتالوں، ایمبولینس اور ڈاکٹروں پر حملہ نہیں کیا جاتا۔