دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہنا کر ملزم کی عدالت پیشی پر عدالت نے کیا حکم دیا؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے پنک ریذیڈنسی ریفرنس کی سماعت ہوئی
ریفرنس کے شریک ملزم محمد عمیر کو دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہنا کرعدالت پیش کیا گیا، جج احتساب عدالت نے جیل عملے سے استفسار کیا کہ دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں کیوں پہنائی گئی ہیں؟ کیا ملزم بھاگنے کی کوشش کررہا تھا؟ عدالت نے ملزم کے ایک ہاتھ سے ہتھکڑی کھولنے کا حکم دے دیا،
جج اعظم خان نے استفسار کیا کہ وکلا کی ہڑتال کب تک رہے گی؟ کیسز متاثر ہورہے ہیں؟ وکیل صفائی نے کہا کہ امید ہے کہ ہڑتال کا معاملہ 23مارچ تک حل ہوجائے گا،ملزم عبدالغنی مجید کی آج عدالت حاضری سے استثنا کی درخواست دائرکر دی گئی
خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ زرداری کے ایک اور قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔
اسی کیس میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیش ہوچکے ہیں۔تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکلے ہیں