لاہور پولیس نے سوشل میڈیا پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی حمایت میں اور مریدکے آپریشن کے خلاف مواد شیئر کرنے کے الزام میں ڈولفن فورس کے ایک اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار اہلکار کی شناخت رحمان کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈولفن اسکواڈ میں بطور اہلکار فرائض انجام دے رہا تھا۔ گجرپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لیا۔تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں معلوم ہوا ہے کہ رحمان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کالعدم تنظیم کے حق میں متعدد پوسٹس اور ویڈیوز شیئر کی تھیں، جن میں مریدکے آپریشن کے خلاف اشتعال انگیز مواد بھی شامل تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور پبلک سروس رولز کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ اس کے موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کسی بھی سرکاری اہلکار کی جانب سے کالعدم تنظیم یا غیر قانونی سرگرمی کی حمایت ناقابلِ برداشت ہے۔ محکمے کی ساکھ اور نظم و ضبط کے پیشِ نظر ایسے اقدامات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اہلکار کو محکمانہ طور پر بھی معطل کر دیا گیا ہے، اور محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے ممکنہ روابط یا دیگر ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز یا اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، چاہے وہ کسی بھی ادارے یا عہدے سے وابستہ کیوں نہ ہوں۔

Shares: